سرینگر//سابق حزب کمانڈر برہان وانی کے بھائی کی دوسری برسی کے موقعہ پر جنوبی قصبہ ترال میں ہڑتال رہنے کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم رہے ۔ اس دوران تعزیتی ودعائیہ مجالس کا انعقاد ہوا جس میں خالد مظفر وانی کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔خالد مظفر وانی کو2015میں فوج نے گولی مار کرجاں بحق کیا تھا ۔ادھر ٹہاب پلوامہ میں خاتون کی ہلاکت اور 25نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف بھی ہڑتال رہی ۔ترال قصبے میں دوکانیں ،کاروباری ادارے اورسرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے ۔ اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا جس کی وجہ سے قصبہ میں ہو کا عا لم رہا ۔حکام نے امن وقانون کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے تھے ۔ معلوم ہوا ہے کہ مشتعل نوجوانوں اور فورسز کے درمیان بس اسٹینڈ اور مین مارکیٹ ترال میں معمولی نوعیت کی جھڑ پیں ہوئیں ۔ اس دوران تعزیتی ودعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں خالد مظفر وانی کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔مرحوم کی آبائی رہائش گاہ اور مقبرے پردعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں۔ادھر ٹہاب پلوامہ میں گرفتاریوں کے خلاف ہڑتال رہی ۔ٹہاب پلوامہ میںجمعرات کو خاتون کی ہلاکت اور شبانہ چھاپہ مار گرفتاریوں کے خلاف ہڑتال رہی ،جسکی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی ٹھپ رہے ۔