سرینگر//زیارت گاہ خانقاہ معلی کے انتظامیہ نے مکمل کردہ گنبد حاصل کیا ہے جسے گزشتہ سال 15؍ نومبر 2017 کو آسمانی بجلی گرنے کے نتیجہ میں میں نقصان پہنچا تھا۔ گنبد کو از سر نو بحال کرنے میں دو ماہ کا عرصہ لگا جس کے لئے کشمیر ، امرتسر اور نئی دلی کے دستکاروں اور ماہرین نے اپنی خدمات انجام دیں۔110کلوگرام وزنی گنبد بنیادی طور تانبے کا بنا ہوا ہے جس پرسونے کی ملمع کاری کی گئی ہے۔ زیارت گاہ کی انتظامیہ کی طرف سے دور ود اذکار کی ایک مجلس منعقد ہوئی اور گنبد کو عرق گلاب سے غسل دیا گیا ۔ زیارت گاہ کی انتظامیہ کے مطابق 12رجب المرجب ، جس روز حضر ت علی مرتضی ؓ ، حضرت ابن عباس ؓ اور حضرت شاہ ہمدانؒ کا یوم ولادت ہے، کو زیارت گاہ میں نصب کیا جائے گا۔بحالی اور تعمیر نو کا پورا کام زیارت گاہ کی انتظامیہ کی طرف سے انجام دیا گیا۔ زیارت گاہ کو بجلی گرنے کے کسی امکانی واقعہ سے پیدا ہونے والے نقصان کو روکنے کے لئے بچائو کے آلات بھی نصب کئے گئے ہیں۔