عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// کسانوں اور مرکز کے درمیان 22فروری کو ہونے والی میٹنگ کا مقام طے کر لیا گیا ہے۔ یہ میٹنگ چنڈی گڑھ کے سیکٹر-26 میں واقع مہاتما گاندھی اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن پنجاب (ایم جی ایس آئی پی اے)میں شام 6 بجے ہوگی، جس میں مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان بھی شرکت کریں گے۔وزارت زراعت و کسان بہبود میں جوائنٹ سکریٹری پورن چندر کشور کی جانب سے کسان تنظیموں کو دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ ایس کے ایم (غیر سیاسی)اور کسان مزدور مورچہ(کے ایم ایم)کے رہنمائوں کے ساتھ گزشتہ ملاقات کے تسلسل میں منعقد کی جا رہی ہے، جو 14 فروری کو چندھی گڑھ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے کسان تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ میٹنگ میں شرکت کریں اور مقررہ وقت پر پہنچیں۔واضح رہے کہ کسانوں کی جانب سے میٹنگ دہلی میں منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اسے چندھی گڑھ میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔احتجاجی کسان اپنی فصلوں کیلئے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی)پر قانونی ضمانت سمیت دیگر مطالبات کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایس کے ایم(غیر سیاسی)اور کسان مزدور مورچہ کے بینر تلے کسان 13 فروری 2024 سے شنبھو اور کھنوری بارڈر پر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے انہیں دہلی تک مارچ کرنے سے روک دیا تھا، جس کے بعد کسانوں نے اپنے احتجاج کو جاری رکھا۔گزشتہ سال 8، 12، 15 اور 18 فروری کو مرکزی وزرا اور کسان رہنماں کے درمیان چار دور کی میٹنگز ہوئیں، لیکن کوئی حتمی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔