سرینگر // کھلی دھوپ سے برف پگلتے ہی شہر کے گلی کوچے زیر آ ب آ گئے ہیں جس کے باعث لوگوں کا عبورومرور مشکل بن گیا ہے۔ شہر کے نچلے علاقوں کے علاوہ ، راجباغ، مہجور نگر،رام باغ،نٹی پورہ اور بمنہ کی گلی کوچوں میں کافی پانی جمع ہوگیا ہے جو لوگوں کیلئے پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے۔ بمنہ ، ٹینگہ پورہ ، بٹہ مالو ، پارم پورہ ، قمرواری ، شالہ ٹینگ ، مہجورنگر، رعناواری میں پانی جمع ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ بمنہ ہاوسنگ کالونی ، پارم پورہ اور ٹینگہ پورہ میں اس حوالے سے لوگوں کو زیادہ ہی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ کاروباری اداروں سے وابستہ افراد بھی ان کے چوپٹ ہوئے کارو بار کو لیکر پریشان ہیں۔گذشتہ روزکی برفباری کے نتیجے میں سرینگر کی سڑکیں اور گلی کوچے جھیلوں کا نظارہ پیش کررہے ہیں۔سڑکوں اور گلی کوچوں میں لوگوں کو پیدل چلنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ ٹریفک میں بھی خلل پیدا ہوا ہے۔مختلف بازاروں میں بھی برف کے پگھلنے سے پانی جمع ہوگیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیان بھی اثر انداز ہورہی ہیں۔توار کو سرینگر میونسپل کار پوریشن، محکمہ یو ای ای ڈی اور محکمہ فائیر اینڈ ایمر جنسی کے اہلکار شہر کے مختلف علاقوں میں پمپوں سے پانی کی نکاسی کے کام میں دن بھر مصروف رہے۔