کنگن/ / بالائی علاقوں میں ہوئی بھاری برفباری کے ساتھ ہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی سیاحت سے وابستہ افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔رواں ہفتے کو ہوئی بھاری برفباری کی وجہ سے جہاں بالائی علاقوںمیں رہنے والے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہی دوسری جانب سیاحتی مقام گگن گیر سونہ مرگ کے علاقے میں جمعہ کے روز سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔سیاحت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ وقت پر برفباری ہونے سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے مرکبانوں ،سلیج والوں اور گاڑی والوں کو روزگار حاصل کرنے میں مدد مل سکیں گا ۔محکمہ سیاحت کے ذرائع نے بتایا کہ امسال دسمبر میں ہوئی بھاری برفباری سے وادی کشمیر کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے میں کافی مدد ملے گی ۔ادھر ڈائریکٹر ٹورا زم محمود احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ امسال محکمہ سیاحت مختلف ریاستوں میں تین ماہ کا روڈ شوز کا اہتمام کرنے جارہا ہے تاکہ وادی کشمیر کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت امسال دسمبر سے ہی ممبئی، کلکتہ، احمدآباد ، رائے پور،کانپور ،ناگ پور، اندور ،کوچی ،بنگلور،چنئی،میں ایک ایک دن کا روڈ شوز کا احتمام کیا جائے گا اور تین ماہ تک ان ریاستوں میں یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔انہوں نے مذید بتایا کہ محکمہ سیاحت وادی کشمیر کی طرف ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے مذید اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی بھی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔