محمد تسکین
بانہال //پیر کی شام سے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر برفباری کے باعث پیدا ہونے والی شدید پھسلن کی وجہ سے بند شاہراہ کو بدھ کی صبح دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے ادھمپور اور قاضی گنڈ میں درماندہ مسافر بردار گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی ہے۔منگل کی صبح سے شام تک بانہال، رامسو اور بانہال۔قاضی گنڈ سیکٹر میں تازہ برفباری اور شدید پھسلن کے باعث پیر کی رات سے ٹریفک کو محفوظ مقامات پر روک دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاڑیاں ادھمپور، چندرکوٹ اور قاضی گنڈ کے علاقوں میں درماندہ ہو کر رہ گئی تھیں۔ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے بانہال، سریندر پال سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی علی الصبح موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی شاہراہ پر درماندہ مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو نکالاجا رہا ہے، جبکہ دونوں اطراف سے ہزاروں مال بردار اور مسافر گاڑیوں نے سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی کمپنیوں نے بانہال اور رامسو کے درمیان برفباری سے متاثرہ علاقوں میں نمک اور کیمیکل چھڑک کر شاہراہ کو قابلِ آمدورفت بنایا ہے۔