عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہنگ سونہ مرگ علاقے میں بدھ کی صبح ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کی وجہ سے سڑک پر آمدورفت بند ہونے کے ساتھ ساتھ نالہ سندھ میں طغیانی آئی۔ برفانی تودے نے نالہ سندھ کے بہائو کو روک دیاجس سے پانی کا رخ تبدیل ہوا۔حکام نے بتایا کہ برفانی تودے کی وجہ سے ندی کا رخ تبدیل ہوگیا اور پانی ملحقہ سڑک پر بہنے لگا۔حکام نے برفانی تودے کو صاف کرنے کے لیے بھاری مشینری کو کام میں لگا دیا تاکہ پانی اپنا اصل راستہ اختیار کر لے۔ادھرجموں وکشمیر آفات سماوی محکمہ نے یونین ٹریٹری کے10 اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ایک ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ اننت ناگ، کولگام ،بارہ مولہ ،بانڈی پورہ ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، پونچھ ، رام بن ، کپواڑہ اور گاندربل میں انتہائی خطرے والے برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے۔اس دوران برف باری اور بارش کے بعد، جموں و کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی ہوئی اور گلمرگ میں بدھ کو منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں 24 گھنٹوں میں صبح 830 بجے تک 5.5 سینٹی میٹر برف پڑی۔ اسی طرح قاضی گنڈ میں 34 سینٹی میٹر، پہلگام میں 50 سینٹی میٹر، کپوارہ میں 5 سینٹی میٹر، کوکرناگ میں 59 سینٹی میٹر اور گلمرگ میں 40 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ، جس میں گزشتہ 72 گھنٹوں میں 130 سینٹی میٹر (4.26-فٹ) برفباری ہوئی، گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 9.4 ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر اورقاضی گنڈ میں 0.0 ڈگری،پہلگام میں منفی 0.5 ،کوکرناگ میں منفی 3.4 اور کپوارہ میں منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5.6 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم از کم 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بانہال میں 24 گھنٹوں میں 71.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بٹوٹ میں 43.8 ملی میٹرجبکہ بھدرواہ میں 27.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آج سے جموں و کشمیر میں موسم میں بہتری کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 27 فروری تک موسم کی کوئی خاص سرگرمی متوقع نہیں ہے۔