سمت بھارگو
راجوری //تاریخی مغل روڈ پر جمعرات کے روز برفباری اور سرد موسم کے باوجود ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔ دن بھر میں سینکڑوں گاڑیاں اس شاہراہ سے گزر گئیں، جبکہ انتظامیہ کی مستعدی کے باعث کسی بڑے خلل کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع کے مطابق پیر کی گلی اور اس سے ملحقہ پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ شب ہلکی برفباری ہوئی، جس سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی تاہم بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر ریت اور نمک ڈالا تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔ اس دوران چند مقامات پر معمولی جام ضرور لگا لیکن مجموعی طور پر گاڑیوں کی نقل و حرکت دونوں جانب سے بحال رہی۔مغل روڈ جو کہ راجوری اور پونچھ اضلاع کو وادی کشمیر سے جوڑتی ہے، سردیوں کے موسم میں اکثر برفباری کے باعث بند رہتی ہے تاہم اس بار اکتوبر کے اوائل میں ہی بالائی علاقوں میں برف گرنے سے سردی نے قبل از وقت دستک دے دی ہے۔ اس کے باوجود ڈرائیوروں اور مسافروں نے محتاط انداز میں سفر جاری رکھا۔ٹریفک حکام کے مطابق پیر کی گلی، پوشانہ، اور چندی مڑھ کے مقامات پر ٹریفک پولیس اور بی آر او کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کے تیور دیکھتے ہوئے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح کے اوقات یا دھوپ نکلنے کے بعد سفر کریں تاکہ پھسلن کے خطرات سے بچا جا سکے۔ادھر، مغل روڈ کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق موسم میں اچانک سردی کی لہر نے سردیوں کی آمد کا احساس پیدا کر دیا ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں ضروری حفاظتی سامان رکھیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مجموعی طور پر مغل روڈ پر جمعرات کے روز ٹریفک کی روانی اطمینان بخش رہی، جبکہ برفباری نے خطے میں سردیوں کی ابتدائی جھلک دکھا دی۔