ادھم پور اور قاضی گنڈ سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت نہ تھی
محمد تسکین
بانہال// رام بن اور بانہال کے درمیان بارشوں اور برفباری کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کی صبح سے ٹریفک کیلئے بند ہے اور بانہال اور رامسو کے درمیانی سیکٹر میں مسلسل برفباری کی وجہ سے کسی بھی گاڑی کو ادھم پور اور قاضی گنڈ سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔جمعرات کی صبح ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے روہیت بسکوترا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں جانکاری دی کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹی ٹو کیلا موڑ ٹنل کے مقام شدید بارش کی وجہ سے پتھر آنے اور رامسو اور بانہال کے درمیان برفباری کی وجہ سے شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سڑک کی مکمل بحالی تک شاہراہ پر سفر سے گریز کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک کنٹرول یونٹ سے شاہراہ کے بارے میں جانکاری لیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال اصغر ملک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس دوران بارشوں اور برفباری کیوجہ سے شاہراہ پر واقع سلاڑھ شیر بی بی کے مقام پرشاہراہ کا ایک حصہ نکل گیا تھا اور اس سیکٹر میں مسلسل برفباری کیوجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بھی بند رہی۔ انہوں نے کہا کہ شیر بی بی کے سلاڑھ میں ڈھ گئی سڑک کے مقام پر نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف انڈیا کی فورلین شاہراہ تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری اور افراد قوت سے وہاں پہاڑی کاٹ کر سڑک کو کشادہ کرکے شاہراہ کو شام قریب پانچ بجے دوباہ قابل آمدورفت بنایا گیا ہے اور شیر بی بی پسی کے آر پار درماندہ ٹریفک کو ہی آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم شیر بی بی اور بانہال کے درمیان سڑک پر موجود برف سے پیدا ہوئی پھسلن سے گاڑیاں پھنس رہی ہیں اور ٹریفک پولیس اور گاڑیوں کے مسافر دھکا مار کر گاڑیوں کو نکلا رہے ہیں اور یہ عمل شام تک جاری تھا۔اس دوران بانہال پولیس سٹیشن کی ایک پولیس ٹیم نے پھسلن کی وجہ سے شیر بی بی کے علاقے میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے کم از کم دو درجن مسافر گاڑیوں کو دھکا مار مار کر وادی کشمیر کی طرف نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ مکرکوٹ اور شیر بی بی کے درمیان قریب ساڑھے پانچ کلو میٹر کی لمبائی والا فورلین کا ایک ویا ڈکٹ یا فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے اور نالہ بشلڑی کے کنارے اس ویا ڈکٹ کے بھاری پلروں کی بنیادوں کیلئے گہرے کھڈوں کی کھدائی سے رامسو اور شیر بی کے درمیان شاہراہ کا کچھ حصہ کئی بار نکل گیا ہے اور اس مقام پر سڑک کی کشادگی کے نتیجے میں اوپر پہاڑی سے بھی پسیاں گرنا شروع ہوئی ہیں اور جمعرات کی صبح فورلین شاہراہ کے تعمیراتی کام کیوجہ سے سلاڑھ شیر بی بی کے اسی مقام پر سڑک نکل گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ جمعرات شام تک بانہال ، رامسو اور ڈگڈول کے درمیان برفباری ہوئی تھی جبکہ رامبن کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔