محمد تسکین
بانہال// پچھلے قریب دو مہینوں سے برفباری کی وجہ سے زمینی راستے سے منقطع ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن مڑواہ اورواڑون میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان علاقوں میں راشن اور ادویات سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قلت کا سامنا ہے۔ ضلع کشتواڑ سے دور اور وادی کشمیر کے اننت ضلع سے نزدیک پڑنے والے واڑون اور مڑواہ کی قدرتی خوبصورتی اور جنگلات اور جنگلی معدنیات سے مالا مال ان دور افتادہ دو تحصیلوں کو جوڑنے کیلئے متی گاورن اننت ناگ سے مرگن ٹاپ کا واحد سڑک رابطہ موجود ہے اور یہ واحد سڑک رابط ہر سال تین چار مہینے بند ہی رہتا ہے۔ برفباری اور بھاری پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے جہاں تیراں ہزار فٹ کی بلندی سے ہوکر جانے والا مرگن ٹاپ کا راستہ مجموعی طور پر پچھلے قریب دو مہینوں سے منقطع ہے وہیں برفباری اور برفبانی تودوں کے گر آنے کی وجہ سے واڑون اور مڑواہ تحصیل کی اندرونی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں جس کی وجہ سے مڑواہ اور واڑون کی دو تحصیلوں کے پچاس کے قریب گاوں و دیہات کے ہزاروں لوگوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو فون پر بتایا کہ برفباری کی وجہ سے واڑون سے رکن واس تک پڑنے والی آبادی کو جوڑنے والی سڑک کئی مقامات پر برفانی تودوں کے گر انے کی وجہ سے بند پڑی ہے اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے بھاری برفانی تودوں کو صاف کرنے کیلئے چھوٹی اور محدود سطح کہ مشینری کام پر لگائی گئی ہے اور مشین والوں کا کہنا ہے کہ مشینوں کیلئے ڈیزل کی سپلائی بھی محدود ہے اور بحالی کا کام متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے صوبہ جموں کے سرمائی زون میں پڑنے والے ہارڈ زون کے ان علاقوں میں جاری بورڈ امتحانات میں ملواڑون ، واڑون ، برائیں ، آفتی ، مرگی ، سکھنی ، اور رکنواس کے سینکڑوں بچوں کو امتحانی مراکز پہنچنے کیلئے پانچ سے پندرہ کلومیٹروں کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے اور سب ڈویڑن انتظامیہ کے حکام غفلت کی نیند جا سوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مڑواہ میں بھی رنئی ، گورن ترڑ ، تتا پانی اور پتہ گام کی بھاری آبادی رابطہ سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے منقطع ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مڑواہ اور واڑون کے درجنوں سکولوں کے علاقے ابھی بھی برفباری سے ڈھکے ہوئے ہیں اور طلباء اور اساتذہ کو ناقابل بیان دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن مڑواہ کے افسروں اور انجینئروں نے مبینہ طور پر مرگن سڑک سمیت مڑواہ اور واڑون کی اندرونی بند پڑی رابطہ سڑکوں سے زیادہ سے زیادہ رقم نکالنے کی مبینہ لالچ میں ہزاروں کی آبادی کو محصور بنا کر رکھ دیا ہے اور افسر شاہی کے اس من مرضی کے راج نے غربت اور پسماندگی سے دوچار مڑواہ اور واڑون کے ہزاروں لوگوں کو سالوں سے تختہ مشق ںنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سب ڈویژن کی اندرونی رابطہ سڑکیں صاف کرنے میں اتنا وقت لینا کئی اور سوال بھی پیدا کرتا ہے اور یہ سڑکیں پی ایم جی ایس وائی کے سرکاری ملازمین کیلئے سونے کی کان بنی ہوئی ہیں اور ان سب معاملات کی جانچ کی جانی چاہئے۔ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ مڑواہ اور پی ایم جی ایس وائی ڈویژن مڑواہ سے استدعا کی کہ وہ مڑواہ اور واڑون کے غریب لوگوں کی حالت زار پر رحم کھائیں اور سڑک بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ لوگوں کے معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔