سرینگر//ترسیلی لائنوں کی مرمت کے دوران جسمانی طور پر معذور ہوئے عارضی ملازمین کو معاوضہ فراہم کرنے کی وکالت کرتے ہوئے محکمہ بجلی کے ملازمین نے 2016کی ایجی ٹیشن کے دوران بے دخل کئے گئے ملازمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ سونہ وار سرینگر میں محکمہ پی ڈی دی کے گیسٹ ہاوس پر محکمہ بجلی میں تعینات سنیئر ٹریڈ یونین لیڈر مشتاق احمد متو کی سبکدوشی کی مناسبت سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے عہداروں کے علاوہ اعلیٰ افسران و انجینئروں اور ملازمین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقرین نے2016 کی ایجی ٹیشن کے بعد ملازمت سے بے دخل کئے گئے ملازمین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ،جبکہ ملازمین لیڈروں نے ان ملازمین کی حالات زار پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملازم کو بے دخل کرنے سے قبل یہ ضروری ہے کہ معاملے کی محکمانہ سطح پر تحقیقات ہو،جبکہ حمتی فیصلہ صادر کرنے سے قبل متاثرہ ملازم کی بات سننی اور انہیں صفائی پیش کرنے کا موقعہ دینا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ملازمین کے خلاف درج ایف آئی آر اور الزامات،انہیں قصور وار ٹھرانے کیلئے کافی نہیں ہے۔مقررین نے کہا کہ ان بے دخل کئے گئے ملازمین کے کنبوں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،اور انسانیت کی بنیاد پر انہیں زیر غور لانا ضروری ہے۔مشتاق احمد متو نے محکمہ بجلی میں تعینات ترسیلی لائنوں کی مرمت کرنے والے عارضی و مستقل ملازمین کو حفاظتی آلات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران درجنوں ملازمین جہاں لقمہ اجل بن گئے،وہی بیسوں کے قریب عمر بھر کیلئے جسمانی طور پر معذور ہوئے،اور انہیں کوئی بھی مراعات فرہم نہیں کی گئی۔مقرین نے اس موقعہ پر سنیئر ٹریڈ یونین لیڈر مشتاق متو کی محکمہ اور عوام کے تئیں خدمات کی سراہنا کی۔