یو این آئی
لندن// برطانیہ، فرانس اور کناڈا نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں اپنی فوجی کارروائی جاری رکھی اور انسانی امداد کے داخلے میں رکاوٹ ڈالی تو اس کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔تینوں ممالک کے لیڈروں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘‘اگر اسرائیل نے نئے سرے سے شروع کیے گئے فوجی حملے بند نہیں کیے اور انسانی امداد پر عائد پابندیاں ختم نہیں کیں تو ہم جواب میں مزید ٹھوس اقدامات کریں گے ۔’’سی این این کے مطابق، ان ممالک نے خبردار کیا کہ ان کارروائیوں میں مخصوص پابندیاں شامل ہو سکتی ہیں۔نیتن یاہو نے ان کے جواب میں انہیں 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرنے والے حماس کے جنگجوؤں کو “بڑا انعام” دینے اور “اس طرح کے مزید مظالم کی دعوت” دینے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ایک مشترکہ بیان میں، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ سمیت 23 ممالک کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے نمائندوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر غزہ میں امداد کی “مکمل رسائی” کی اجازت دے ۔انہوں نے اسرائیل سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو “جان بچانے کے لیے آزادانہ اور غیر جانبداری سے کام کرنے ” کی سہولت دے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ” اسرائیل نے دو ماہ سے زائد عرصے سے انسانی امداد کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے ۔ خوراک، ادویات اور ضروری سامان ختم ہو چکا ہے ۔ محصور آبادی کو غذائی قلت کا سامنا ہے ۔ غزہ کے لوگوں کو وہ امداد ملنی چاہیے جس کی انہیں اشد ضرورت ہے ۔”واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کیے بغیر ہی خطے سے رخصت ہونے کے بعد اسرائیل نے اختتام ہفتے پر غزہ میں پھر سے تباہ کن زمینی حملہ شروع کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی فوجیں گزشتہ روز شمالی اور جنوبی غزہ میں داخل ہوئی ہیں۔ اسرائیل نے متنبہ کیا کہ اگر تحریک حماس اپنی شرائط پر یرغمالیوں کے نئے معاہدے پر راضی نہیں ہوئی تو یہ کارروائی ہوگی۔اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر کئی دنوں کی شدید فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائی کا آغاز کیا، جس کے بارے میں صحت حکام کا دعوی ہے کہ اس سے خاندانوں کا صفایا ہوا ہے ۔اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ محصور انکلیو میں “قلیل مقدار میں خوراک” پہنچانے کی اجازت دے گا، جسے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتحادیوں کے شدید دباؤ کی وجہ سے قبول کیا ہے ، اور امداد رسانی کی منظوری دینے والی اسرائیلی ایجنسی نے پیر کے روز کہا کہ پانچ ٹرک انکلیو میں داخل ہوئے ہیں۔