برطانوی نائب ہائی کمشنرکی وزیر اعلیٰ سے ملاقات

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر// بھارت میں برطانیہ کے نائب ہائی کمشنر ڈاکٹر الیگزنڈر ایونز نے گذشتہ شام وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ریاست کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے نائب ہائی کمشنر کو بتایا کہ ریاست میں تمام متعلقین کے ساتھ سیاسی سطح کے مذاکرات شروع کرنے اور افہام و تفہیم کا رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان پچھلے70 برسوں کی منافرت سے دونوں ممالک کے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ دوستی، امن اور باہمی اعتماد سازی اور وقار کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے کام کیا جائے۔محبوبہ مفتی نے دورے پر آئے نائب سفیر کو جانکاری دی کہ ریاست حکومت نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے، عبور ومرور کی سہولیات میں بہتری لانے اور دیگر شعبوں کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت وادی میں اس سال موسم سرما کے دوران ایک اچھے خاصے سیاحتی سیزن کی منتظر ہے جس کے لئے انہوں نے پہلے ہی متعلقہ محکموں کو کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ڈاکٹر ایونز نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے متمنی ہیں اور اُن کے ملک نے ریاست سے تعلق رکھنے والے طُلاب کیلئے کئی سکالر شِپ مختص رکھے ہیں جن کا طُلاب فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔نائب ہائی کمشنر کے ہمراہ فسٹ سیکرٹری الیکس پائیکٹ اور نئی دہلی میں برطانیہ کے ہائی کمشنر میں سنیئر سیاسی مشیر دیپ جیوتی برمن بھی تھیں۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *