جموں//بھار ت میں برطانیہ کے نائب ہائی کمشنر ڈاکٹر الیگزنڈر ایوانز نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور گورنرسے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست کی سیاسی اور سماجی و اقتصادی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی ہائی کمشنرکو وزیرا علیٰ نے سفیر کو ریاست میں ترقیاتی حکومت سازی سمیت سیاسی عمل شروع کرنے میں اُن کی سرکار کے عزم کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہاکہ وہ اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ بہتر حکومت سازی اور سیاسی بات چیت ریاست کو موجودہ صورتِ حال سے باہر نکال سکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائین آف کنٹرول کے آر پار مختلف راستوں کو کھولنے سے دونوں اطراف عوام کے مابین تعلقات میں بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر مظفر آباد اور پونچھ ۔راولا کوٹ راستوں کو ٹریفک اور تجارت کے لئے کھولنے سے دونوں اطرف کے عوام کی امن عمل اور بہتر تعلقات میں شراکت داری بڑھ گئی ہے۔اس لئے اس عمل کو مزید تقویت بخشنے کے لئے مزید ایسے راستوں کو کھولے جانے کی ضرورت ہے۔ہندو پاک تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نظریے کو آگے لے جانے پر زور دیا۔ انہوںنے باغبانی ، دستکاری ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لئے سرکار کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر ایوانز کو بتایا کہ سرینگر جموں ریل لنک سمیت ریاست میں کئی بڑے رابطہ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے نہ صرف ریاست کے مختلف خطوں کو جوڑنے بلکہ ان علاقوں میں اقتصادی گنجائشوں کو تلاش کرنے میں بھی مددملے گی۔انہوںنے ہائی ڈنسٹی ایپل پلانٹیشن سکیم کے بارے میں بھی سفیر کو جانکاری دی۔اس سکیم سے ریاست میں باغبانی صنعت میں نئی روح پھونکنے میں مدد ملے گی۔برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ گورنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھارت ۔ برطانیہ تعلقات سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈپٹی ہائی نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اورسیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری بی آر شرما سے ملاقات کی۔