نئی دہلی//ہندوستان اور پاکستان میں جمعرات کو چوتھا بین الاقوامی یوم یوگاپورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور سیاست اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں نے یوگا کو اچھی صحت کے لئے ایک اہم کلید قرار دیا ہے ۔ پاکستان سمیت مختلف غیر ملکی سفارت خانوں میں بھی بین الاقوامی یوگا دن منایا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے ٹوئٹر پر چوتھے بین الاقوامی یوم یوگاکے موقع پر منعقد یوگا سیشن کی کچھ تصاویر اور ویڈیو فوٹیج جاری کی۔نیپال کے مکتی ناتھ میں مقامی شہریوں اور بھکشوؤں نے 12،500 فٹ کی بلندی پر یوگا کرکے یوم یوگا منایا۔جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے ٹوئٹ کرکے وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستانی عوام کو بین الاقوامی یوم یوگاکی مبارک باد دی ہے ۔مسٹر جے ان نے ٹویٹ کر کے کہا کہ یوگا فطرت اور انسان کے ساتھ ساتھ جسم اور دماغ کے درمیان تال میل قائم کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور یہ جنوبی کوریا میں بھی بڑے پیمانے پر مشہور ہے ۔یوروپی ملک کروشیا کے 35 شہروں میں بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر یوگا سیشن منعقد کئے گئے ۔فن لینڈ میں شری شری روی شنکر اور ہندوستانی سفیر وانی راؤ نے یوم یوگا کے موقع پر منعقد پروگرام کا افتتاح کرکے اس میں حصہ لیا۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی ٹوئٹ کر کے بین الاقوامی یوم یوگاکی مبارک باد دی۔گجرات کے وزیر اعلی وجئے روپاني نے بھی لوگوں کو یوم یوگاکی مبارک باد دی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر بی ایس یدی یورپا نے بنگلور کے ملیشورم میں یوم یوگاپروگرام میں شرکت کی۔کانگریس پارٹی نے بھی ٹوئٹ کر کے لوگوں کو بین الاقوامی یوم یوگا کی مبارک باد دی۔پارٹی نے لوگوں سے یوگا کیلئے دنیا میں بیداری پھیلانے کی اپیل کی۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے چوتھے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کے فاریسٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایف آر آئی ) میں تقریباً 50 ہزار رضاکاروں کے ساتھ یوگا کیا۔مودی کے ساتھ نوجوانوں، بوڑھوں اور سکیورٹی کے جوانوں نے بھی یوگا کیا۔مودی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا''آج دنیا کا ہر ملک اور ہر شہری یوگا کو اپنا ماننے لگا ہے ۔ ہم ہندوستانیوں کے لئے بڑا پیغام یہ ہے کہ ہم اس روایت کے امین ہیں۔ اگر ہم اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کرنا شروع کر دیں تو دنیابھی فخر کرنے میں پیچھے نہیں رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے خود کو یوگا سے منسلک کیا تو دنیا بھی یوگا سے جڑ گئی''۔مودی نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اگر دنیا میں یوگا کرنے والے لوگوں کے اعداد و شمار جمع کئے جائیں تو یہ بہت بڑا ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا''دنیا میں بہت سی طاقتیں ہمیں تقسیم کرتی ہیں جبکہ یوگا ہمیں متحد کرتا ہے ۔ یہ ہر شخص کو سکون فراہم کرتا ہے ۔ دشمنی کو فروغ دینے کی بجائے یوگا ہمیں جوڑتا ہے ''یو این آئی