عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ کے حکام نے واضح کیا کہ آکسیجن پلانٹ جس کے بارے میں کچھ رہائشیوں نے شکایت کی تھی کہ یہ شور پیداکررہاہے، کووڈ-19 کی وباء کے بعد نصب کیا گیا تھا اور اب دو سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہا ہے۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، ہسپتال انتظامیہ نے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ فوری طور پر اس مسئلے کواُٹھایا، اور مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر نہ ہونے کو یقینی بناتے ہوئے شور کو کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی درخواست کی ۔جس کے بعد انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے پلانٹ میں شور کم کرنے والے آلات نصب کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دئیے، جس سے قریبی رہائشیوں کو راحت ملی ۔ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ آکسیجن پلانٹ مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے انتہائی اہم ہے، اور کسی بھی قسم کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ آس پاس میں گاڑیوں کی پارکنگ کے بارے میں، یہ واضح رہے کہ اس علاقے میں متعدد محکمے ہیں، اور وہاں کھڑی گاڑیاں ممکنہ طور پر ان مختلف محکموں کے ملازمین کی ہیں۔بیان میں مزیدکہاگیا ہے کہ ہسپتال کے پیچھے پارکنگ ایریا بنایا ہے، جہاں ہسپتال کے تمام ملازمین کام کے دنوں میں اپنی گاڑیاں پارک کرتے ہیں۔ کسی بھی خلاف ورزی پر محکمہ ٹریفک کی طرف سے کارروائی کی جاتی ہے، جو باقاعدگی سے علاقے کا دورہ کرتا ہے، غلط پارک کی گئی گاڑیوں کو ہٹاتا ہے، اور جرمانے عائد کرتا ہے۔ اس طرح، غیر مناسب پارکنگ کے مسئلے کو متعلقہ حکام مؤثر طریقے سے سنبھال رہے ہیں۔