عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے راوتھ پورہ سرینگر میں واقع کھیل میدان کو ایک سرکاری محکمے کی جانب سے اپنی تحویل میں لینے کے واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مداخلت کرکے کھیل میدان کو مقامی نوجوانوں کے لئے وقف کرنے کی اپیل کی ہے۔بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا’’ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ ایک سرکاری محکمے نے باغات برزلہ کے راوتھ پورہ علاقے میں واقع اس قطہ اراضی کو اپنی تحویل میں لیا ہے، جو دہائیوں سے مقامی نوجوانوں کیلئے کھیل کود کا میدان تھا۔ اس زمین کو راوتھ پورہ، برزلہ، باغات، پرے پورہ، مجید باغ، صنعت نگر، نٹی پورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے نوجوان کھیل کود کیلئے استعمال کرتے آئے ہیں۔ ایک سرکاری محکمے نے اب اس زمین کو اپنی تحول میں لیا ہے اور اس پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اس وجہ سے مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ بخاری نے کہا، میں وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ سے مخلصانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس زمین کے ٹکڑے کو نوجوانوں کی کھیل کود کیلئے محفوظ بنائیں، میں یہ اپیل خالصتاً عوامی مفاد میں کررہا ہوں، ایسے معاملات کو عوام کی فلاح و بہبود کے مسئلے کے بطور سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا، ہمیں اس تلخ حقیقت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ بہت سے نوجوان پہلے ہی منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو رہنمائی تعمیری سرگرمیوں کی طرف کریں اور ان کے کھیل کود کیلئے وسائل اور مناسب سہولیات فراہم کریں۔