عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات واَمورِ صارفین،امورِ نوجوان وکھیل کود ستیش شرما نے کل کہا کہ ڈائریکٹ سیلنگ اِنڈسٹری نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، ایتھیکل اَنٹرپرینیورشپ سرگرمیوں کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر میں جامع اِقتصادی ترقی کے لئے ایک انقلابی کردار اَدا کر سکتی ہے۔وزیر موصوف نے کل فیڈریشن آف اِنڈین ڈائریکٹ سیلنگ اور کنزیومر مارکیٹس کے موضوع پر منعقدہ کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’صارفین کی منڈی کا منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور اس تبدیلی کے مرکز میں ڈائریکٹ سیلنگ کا شعبہ ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’اعتماد ہی ڈائریکٹ سیلنگ فروخت کنندہ اور صارف کے درمیان اور کاروباری ماڈل کے اندر کی بنیاد ہے ۔ واضح قوانین نہ صرف اس اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ صارفین کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھتے ہیں اور تمام شراک داروں کے لئے مساوی مواقع فراہم کرتے ہیں۔‘‘وزیر موصوف نے جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے اخلاقی کاروباری رویے، صارفین کے تحفظ اور ضوابط کی مؤثر عمل آوری کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرما نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت ڈائریکٹ سیلنگ کمپنیوں کے لئے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری اور توسیع کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہم چاہتے ہیں کہ ڈائریکٹ سیلنگ نہ صرف معاشی بااختیاری کا ذریعہ بنے بلکہ ایک ذمہ دار اور اخلاقی کاروباری ماڈل کے طور پر بھی اُبھرے۔ آئیے، ہم سب مل کر صارفین کا اعتماد بڑھائیں اور اس شعبے کو دیرپا ترقی کی جانب لے جائیں۔‘‘