سرینگر//فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے سانحہ پتھری بل اور براکہ پورہ اسلام آبادمیں جاں بحق کئے گئے شہریوں کو ان کی 17ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ’’ ہم ان معصوم لوگوں کی یاد کو اپنے دلوں سے نہیں بھلاسکتے‘‘۔اپنے بیان میں شبیر شاہ نے کہا کہ ان سانحات میں جس بے دردی اور بے بسی کی حالت میں عام شہریوں کوزندگی جیسی عزیز متاع سے محروم کیا گیا ،اسے یاد کرتے ہوئے دل و ذہن تھرا اُٹھتے ہیں ۔انہوں نے اس واقع سے قبل سانحہ چھٹی سنگھ پورہ میں مارے گئے سکھ خاندانوں پر گزرے المیہ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان کے لواحقین بھی انصاف کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور تا ایں دم انہیں بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا ۔ سانحہ براکہ پورہ اور پتھری بل میں مہلوک افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ اُس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کے دورے پر چھٹی سنگھ پورہ میں مارے گئے 35 سکھوںکے قتل عام سے ہاتھ رنگنے کے باوجود بھارت رواں جدوجہد آزادی کے خلاف سازشیں رچانے میں کامیاب نہ ہوسکا اور وہ بین الاقوامی برادری اور اُس وقت کے امریکی صدر کو متاثر نہ کرسکے ۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ سی بی آئی نے اس واقع میں فوجیوں کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ثبوت پیش کئے تاہم اس سب کے باوجود ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔شبیر شاہ نے سانحہ پتھری بل کے لواحقین کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس مطالبے کی حمایت کی کہ ان دونوں واقعات کی کسی بین الاقوامی ایجنسی کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے ۔