ٹی ای این
سرینگر//مرکزی وزیر نتن گڈکری نے منگل کو کہا کہ حکومت برآمدات کی لاجسٹک لاگت کو کم کرنے کے لئے ہندوستان کے 80 فیصد ٹرکوں کو سی این جی یا ایل این جی پر چلانا چاہتی ہے۔وزیر نے آئی آئی ٹی دہلی میں سی آر ڈی ٹی کے ذریعہ پراجیکٹ ابھے کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑکوں کی وجہ سے نقل و حمل کا وقت پہلے ہی کافی کم ہو چکا ہے۔گڈکری نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی ہے اور اس فرق کو پر کرنے کیلئے پورے ملک میں تربیتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ “ہمارے پاس 100 ٹرکوں کے لیے صرف 75 ڈرائیور ہیں۔ 22 لاکھ ڈرائیوروں کی کمی ہے۔”انہوں نے اس کمی کو بڑی تعداد میں حادثات کی وجہ بھی قرار دیا۔ گڈکری نے کہاکہ “یورپ کے برعکس ہندوستان میں ہمارے پاس ڈرائیور شفٹ نہیں ہے، جس کی وجہ سے بہت سے حادثات ہوتے ہیں۔ ہمیں ٹیکنالوجی کو بھی اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ 5 لاکھ حادثات میں 1.80 لاکھ اموات ہوئیں، جن میں سے 10000 اموات ٹرکوں نے کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے ٹرکوں اور بسوں میں آٹومیٹک ایمرجنسی بریک سسٹم والے ٹرک شامل کیے گئے ہیں۔