کزان/ پانچ بار کی چمپئن برازیل کے کوچ ٹیٹے بیلجیم کے ہاتھوں فیفا ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں شکست سے کافی سکتے میں ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم نے اس میچ میں فتح کے لیے وہ جذبہ ہی نہیں دکھایا جس کی توقع تھی ۔جمعہ کی رات ہوئے کوارٹر فائنل مقابلے میں پانچ بار کی چمپئن برازیل کو 2۔1 سے شکست دے کر بیلجئیم نے 32 سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال میں کچھ بھی مستقل نہیں ہوتا ہے لیکن مجھے یہاں قسمت کی بات کرنا اچھا نہیں لگتا۔اگر ہم قسمت کی بات کرتے ہیں تو صاف ہے کہ ہم مخالف ٹیم کی کوششوں کو کم کر رہے ہیں۔میں قسمت میں یقین نہیں کرتا۔کیا میں کہوں کورٹس کی قسمت اچھی تھی، نہیں وہ کمال کا کھیل رہے تھے ۔ان کے بچاؤ کمال کے تھے اور آپ کچھ نہیں کر سکتے ۔ٹیٹے نے کہا کہ حادثات، اچانک کوئی صورت حال پیدا ہونے جیسی چیزیں ہوتی ہیں اور اس میچ میں ایسا کئی بار ہوا۔یہ کہنا افسوسناک ہے ۔لیکن میں بیلجئیم کو کم نہیں کہہ سکتا کیونکہ وہ زبردست تھی۔لیکن ہمارے لیے موقع بہت بے رحم رہے ۔ہمارے لیے اسے قبول کرنا بہت مشکل ہے لیکن یہ سچ ہے ۔کوچ نے کہا کہ ہمیں میچ کے دو تہائی حصے میں برتری تھی۔لیکن بیلجئیم موقعوں کو بھنا نہیں سکا۔میں نہیں کہہ سکتا کہ یہ شاندار میچ تھا۔لیکن یہ دو متاثر کن ٹیموں کے درمیان میچ تھا۔اس درد اور کڑواہٹ کے ساتھ میں میچ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔ہاں جن لوگوں کو فٹ بال پسند ہے ان کے لیے یہ اچھا میچ ہوگا۔بیلجیئم کے مین آف دی میچ کیون ڈی بریون نے میچ کے بعد کہاکہ ہم نے اچھی کارکردگی کی اور پہلے ہاف میں ہم زیادہ اچھا کھیلے ۔برازیل نے دوسرے ہاف میں حکمت عملی بدلی اور ہم بہتر رہے لیکن ہم نے بھی موقع بنائے ۔آخری 15 منٹ میں دونوں ٹیموں کے صبر و تحمل کا امتحان تھا جس میں ہم پاس ہوکر فاتح بن گئے ۔فرانس سے سیمی فائنل کے لئے ڈی بریون نے کہاکہ اب ہمارا فرانس جیسی غیر معمولی ٹیم کے ساتھ مقابلہ ہے لیکن جب بھی آپ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچتے ہیں تو آپ کو پتہ ہوتا ہے کہ آپ کا سامنا کسی کمزور ٹیم سے نہیں ہو گا۔ہم سیمی فائنل جیت کر اور پہلی بار فائنل میں پہنچنے کے لئے تیار ہیں۔یو این آئی