محمد بشارت
بدھل//تحصیل بدھل کے کیول پنچایت کے وارڈ نمبر 6 میں کل صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب شدید اور طوفانی بارش کے باعث مقامی رہائشی محمد حسین ولد لال دین کے کچن اور راشن اسٹور کو زبردست نقصان پہنچا۔ بارش کے نتیجے میں ان کے گھرانے کی مہینوں کے لئے جمع کی گئی خوراک اور ضروری سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔یہ خاندان پہلے ہی محدود وسائل کے ساتھ زندگی گزار رہا تھا، اور اب اچانک اس نقصان نے ان کی زندگی کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مالی اور جذباتی نقصان اتنا بڑا ہے کہ گھر کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ہے۔واقعے کے فوراً بعد معروف سماجی کارکن زائدساگر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’ایک غریب خاندان کو یوں لمحوں میں سب کچھ کھوتے دیکھنا دل دہلا دینے والا منظر ہے ،ہم خوش ہیں کہ کوئی جان کا نقصان نہیں ہوا، لیکن روزمرہ زندگی کا بنیادی سامان ختم ہو جانا ایک تباہ کن صورتحال ہے‘‘۔انہوں نے انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں سے اپیل کی کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد، راشن اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ وقت حکومت کے فعال ہونے کا ہے تاکہ قدرتی آفات کی شکار غریب آبادی مزید پریشانیوں میں نہ ڈوبے۔ متاثرہ خاندان کو نہ صرف ہنگامی امداد کی ضرورت ہے بلکہ طویل المدتی بحالی پروگراموں میں بھی شامل کیا جانا چاہیے‘‘۔علاقے کے دیگر مکینوں نے بھی سرکار سے متاثرہ خاندان کے لئے مناسب معاوضے اور فوری امداد کی پرزور اپیل کی ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری حرکت میں آ کر ایسے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہ چھوڑے۔