محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے بدھل کے دراج علاقے میں رتھر منڈی پل کے قریب جمعہ کی صبح ایک 23 سالہ نوجوان کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق، جمعہ کی صبح راہگیروں نے رتھر منڈی پل کے نزدیک سڑک کنارے ایک لاش دیکھی اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ایس ایچ او بدھل پروین کمار اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔ متوفی کی شناخت زحیم شاہ ولد عاظم شاہ ساکن دراج، بدھل کے طور پر ہوئی ہے۔اہل خانہ کے مطابق، زحیم شاہ بدھ کی شب گھر سے نکلا تھا اور اس کے بعد واپس نہیں آیا۔واقعہ کے ردعمل میں، اہل علاقہ اور متوفی کے لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بدھل-راجوری سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا اور موت کی وجوہات کی غیرجانبدارانہ اور شفاف جانچ کا مطالبہ کیا۔موقع پر ایڈیشنل ایس پی آپریشنز کوٹرنکہ وجاہت حسین، ایس ایچ او بدھل پروین کمار اور تحصیلدار ساحل حسین شاہ نے پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی مکمل اور منصفانہ تفتیش کی جائے گی۔پولیس نے بتایا کہ موت کی وجوہات جاننے کے لئے ہر زاویے سے تفتیش کی جائے گی، جس میں سازش یا منشیات سے متعلق پہلوؤں کو بھی شامل کیا جائے گا۔متوفی کی لاش کو سی ایچ سی کنڈی منتقل کیا گیا جہاں تمام قانونی اور طبی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کی گئی تاکہ آخری رسومات انجام دی جا سکیں۔