محمد بشارت
بدھل//این آر ایل ایم کلسٹر بدھل اور پی ایچ سی بدھل کے اشتراک سے بلاک بدھل کی خودکفیل گروپ (ایس ایچ جی) کی ممبروں اور دیگر دیہاتی خواتین کے لئے ایک مفت طبی معائنہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ پنچایت گھر کیول میں منعقد ہوا، جس کا مقصد صحت کی خدمات فراہم کرنا، مفت ادویات تقسیم کرنا اور صحت کے بنیادی مسائل پر آگاہی دینا تھا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر قمران حنیف، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر لطیف ڈار، اور ڈاکٹر قمر جبین نے شرکت کی۔ انہوں نے خواتین کا معائنہ کیا اور انہیں صحت کے حوالے سے اہم مشورے دیے۔ طبی ماہرین نے خواتین کو باقاعدہ صحت معائنہ کی اہمیت سے آگاہ کیا اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔سابقہ سرپنچ اور سماجی کارکن فاروق انقلابی بھی اس کیمپ میں موجود تھے۔ انہوں نے این آر ایل ایم کلسٹر اور پی ایچ سی بدھل کی دیہاتی خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس اقدام کو کمیونٹی کے لئے ایک مثبت قدم قرار دیا۔خواتین نے اس مفت طبی معائنے کو بے حد سراہا اور مقامی سطح پر صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس پروگرام کو خواتین کی صحت اور آگاہی میں بہتری لانے کے لئے ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔