عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے دور افتادہ علاقے بدھل میں جموں و کشمیر بینک کی شاخ کے خلاف مقامی لوگوں نے زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بینک کی شاخ میں نہ صرف بدانتظامی ہے بلکہ عملہ عوام سے بدتمیزی سے پیش آتا ہے اور جبری طور پر انشورنس پالیسیوں کو تھوپا جا رہا ہے۔مقامی سول سوسائٹی ارکان محمد فاروق انقلابی، وقار لون اور سورندر کمار کی قیادت میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور مرکزی بدھل سڑک کو ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک بلاک رکھا۔ مظاہرین نے جموں و کشمیر بینک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بدھل شاخ میں تعینات موجودہ بینک عملے کو فوراً تبدیل کیا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ صارفین کو جبراً انشورنس اسکیموں میں شامل کیا جاتا ہے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔ ایک بزرگ شہری نے بتایاکہ ’’ہم بینک میں اپنے اکاؤنٹ کی دیکھ بھال کے لئے جاتے ہیں، مگر وہاں ہمیں دھوکہ دہی، بدتمیزی اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات بینک کے اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں گی اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بینکنگ نظام میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو وہ دوبارہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے میں سنجیدگی سے نوٹس لے اور بڈھل کے لوگوں کو معیاری بینکنگ سہولیات فراہم کی جائیں۔