تحصیل چسانہ کا ضلع و سب ڈویژن صدر مقام سے رابطہ منقطع، متبادل راستہ اختیار کرنے کی اپیل
شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور میں ایک اہم پل گرنے سے تحصیل چسانہ کا ضلع اور سب ڈویژن صدر مقام سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پل سے ایک لوڈ ڈمپر گاڑی گزر رہی تھی، جس کی وجہ سے پل منہدم ہو گیا اور سڑک کا یہ اہم حصہ بلاک ہو گیا۔بدھل-مہور-گول گریف سڑک پر بدورہ کے مقام پر واقع یہ پل دوسری مرتبہ گر چکا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پل گرنے کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر دونوں جانب سے ٹریفک معطل کر دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فروری 2023 میں بھی یہی پل گر گیا تھا، جس کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت گریف حکام نے تین ماہ کے اندر پل کو دوبارہ تعمیر کیا تھا، مگر اب دوسری مرتبہ گرنے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پل کے غیر معیاری تعمیراتی کام اور متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے پل دوبارہ منہدم ہوا۔ لوگوں نے گریف حکام کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔یہ پل تحصیل چسانہ کی 26 پنچایتوں کو ضلع اور سب ڈویژن صدر مقام سے جوڑنے کا واحد راستہ تھا۔ پل کے گرنے کے بعد یہ تمام علاقے سڑک رابطے سے منقطع ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے وہاں کے مکینوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ علاقے کے مکینوں نے انتظامیہ اور گریف حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کو جلد از جلد دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا جلد از جلد حل ممکن ہو سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی علاقے میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے، اور اب سڑک کا منقطع ہونا ان کے لئے مزید مسائل کھڑے کر رہا ہے۔