عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جموں کے ادھم پور ضلع میں پولیس نے 20لاکھ روپے مالیت کی منقولہ جائیداد ضبط کی ہے جو پونچھ ضلع کے جھلاس گاؤں کے رہنے والے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی تھی۔ادھم پور پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ پولیس پوسٹ ٹکری کے ذریعہ اٹیچمنٹ آپریشن کو انجام دیا گیا جس کے نتیجے میں کریٹا کار زیر رجسٹریشن نمبر JK02DH 2486کو ضبط کرلیا گیا جس کی مالیت تقریباً بیس لاکھ روپے ہے۔کار منشیات فروش محمد حافظ ولد محمد حسین ساکنہ جھلاس پونچھ کی ملکیت تھی۔منشیات فروش محمد حافظ فی الحال تھانہ ریہمبل کے این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 212/2024میں عدالتی تحویل میں ہے اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج متعدد مقدمات میں بھی ملوث ہے۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران منقولہ جائیداد (کار) کی شناخت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر کی گئی، جس کی انکوائری ادھم پور پولیس نے کی تھی۔اس میں کہا گیا ہے کہ یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کے ذریعہ نارکوٹک ڈرگز اور سائیکوٹرپک مادوں کی غیر قانونی سمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی۔