عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، ضلع سانبہ میں پولیس نے جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت پولیس سٹیشن رام گڑھ کے دائرہ اختیار سے ایک بدنام زمانہ مجرم کے خلاف مقدمہ درج کرکے حراست میں لیا۔زیر حراست شخص کو ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میں رکھا گیا ہے۔پولیس نے بدنام زمانہ مجرم کی شناخت سنیل کمار ولد امرجیت لال ساکنہ رادوان رام گڑھ سابہ کے طور پر کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سامبا سے باضابطہ نظر بندی کا حکم حاصل کرنے کے بعد اس کے خلاف سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ مقدمہ درج مجرم کو بعد میں ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میں رکھا گیا ہے۔مذکورہ مجرم ضلع سانبہ کے تھانوں رام گڑھ اور گھگوال اور ضلع کٹھوعہ کے تھانوں کٹھوعہ، راجباغ، بلاور میں درج متعدد مقدمات میں ملوث ہے۔پولیس نے کہا کہ مذکورہ بدنام زمانہ مجرم کی بار بار کی مجرمانہ سرگرمیوں نے خطے میں عوامی امن و سکون کے لیے سنگین خطرہ پیدا کر دیا ہے۔رعایا کو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے باز رکھنے کے لیے، اسکے خلاف سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک دستاویز کی سفارش کی گئی، جس پر ضلع مجسٹریٹ سانبہ نے مطمئن ہونے کے بعد اس کے خلاف سیفٹی ایکٹ وارنٹ جاری کیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ گرفتاری ایس ایچ او پی ایس رام گڑھ کی سربراہی میں ایس ڈی پی او وجے پور کی نگرانی میں اور ایس ایس پی سانبہ کی مجموعی نگرانی میں پولیس ٹیم نے کی ہے۔