زاہد بشیر
گول//بدلتے موسمی حالات کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے عوام کو احتیاط برتنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت دی ہے تاکہ موسمی بیماریوں سے بچا جا سکے۔ بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) گول ڈاکٹر محمد اقبال نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بارشوں اور ٹھنڈک میں اضافے کے باعث نزلہ، زکام، بخار، کھانسی اور اسہال جیسی موسمی بیماریاں تیزی سے پھیل سکتی ہیں، اس لئے عوامی سطح پر احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔بی ایم او گول نے کہا کہ بدلتے موسم میں بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر تحفظ فراہم کرنا چاہیے کیونکہ یہ طبقہ زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صاف پانی استعمال کریں، باسی یا کھلے میں رکھا ہوا کھانا نہ کھائیں اور گھروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تاکہ بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کے بعد مچھروں کی افزائش تیزی سے بڑھتی ہے جس سے ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ گھروں کے اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی یا ریپلینٹ کا استعمال کریں اور حفاظتی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔بی ایم او گول نے عوام کو یہ بھی مشورہ دیا کہ اگر کسی کو مسلسل بخار، کھانسی، دست یا جسم میں کمزوری جیسی علامات محسوس ہوں تو وہ فوراً نزدیکی ہیلتھ سنٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں اور خود علاج سے پرہیز کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ صحت نے اس حوالے سے تمام طبی عملے کو متحرک کیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں لوگوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔آخر میں بی ایم او گول نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بدلتے موسم کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔