عظمیٰ نیوزسروس
ریاسی//بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر ریاسی ندھی ملک نے محکمہ دیہی ترقی کے چار عارضی عہدیداروں کو انکوائری میں سنگین بے ضابطگیوں، ریکارڈ میں ہیرا پھیری اور سرکاری فنڈز کے غبن میں ملوث پائے جانے کے بعد برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ کارروائی ایک تفصیلی انکوائری کے بعد ہوئی ہے جس میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ اور سوچھ بھارت مشن کے تحت بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ اے ڈی ڈی سی ریاسی سکھ دیو سنگھ انکوائری افسر تھے۔بلاک جیج بگلی میں، برطرف کیے گئے عارضی اہلکار، محمد لطیف گرام روزگار سیوک (جی آر ایس) اور راحیل مگوترا (ٹیکنیکل اسسٹنٹ)، سرکاری ریکارڈ میں ہیرا پھیری، جعلی اور ڈپلیکیٹ جاب کارڈ جاری کرنے اور ایس بی ایم کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد IHHL یونٹوں کو بے قاعدگی سے منظوری دینے کے مجرم پائے گئے۔ انکوائری میں انکشاف ہوا کہ شکایت کے تحت 55جاب کارڈز میں سے 7جعلی، 5ڈپلیکیٹ، 24ڈیلیٹ اور اکتیس فعال ہیں۔ عہدیداروں کو منریگا کے تحت سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے لئے بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا، جیسا کہ سوشل آڈٹ رپورٹ میں روشنی ڈالی گئی ہے۔اسی طرح، بلاک چسانہ میں، عبدالقیوم (جی آر ایس) اور ارون گنڈوترا (ٹیکنیکل اسسٹنٹ) سوچھ بھارت مشن کے تحت کاموں کی انجام دہی میں بڑی بے ضابطگیوں کے لیے ذمہ دار پائے گئے۔ جبکہ مالی ریکارڈ پنچایت چسانہ-اے میں کمیونٹی سینٹری کمپلیکس کی تعمیر پر3.00لاکھ کے اخراجات کی عکاسی کرتا ہے، سوشل آڈٹ کے دوران اثاثہ زمین پر نہیں پایا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے یہ معاملہ سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی کے ساتھ اٹھایا ہے، جس میں مستقل ملازمین کے خلاف سخت اور مثالی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جو بے ضابطگیوں کے دوران تعینات کیے گئے تھے۔ ان میں چسانہ اور جیج بگلی کے بی ڈی اوز، اے ای ای (آر ای ڈبلیو سب ڈویژن مہور)، جونیئر انجینئرز اور پنچایت سکریٹریز شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ریاسی نے جموں و کشمیر سول سروسز (کلاسیفیکیشن، کنٹرول اینڈ اپیل) رولز، 1956 کے مطابق ملوث افراد کے خلاف ریکوری کی کارروائی شروع کرنے پر زور دیا ہے، تاکہ جوابدہی نافذ ہو اور مستقبل میں اس طرح کی بددیانتی کا اعادہ نہ ہو۔