عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پولیس نے ہفتہ کو بتایاکہ سرینگرشہر میں محرم کے جلوس کے دوران بدامنی کو ہوا دینے اور امن عامہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ مقرر کردہ شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، بعض افراد نے جمعہ کو مولاناآزاد روڈ پر محرم کے جلوس کے دوران جان بوجھ کر اور غیر قانونی حرکتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد بدامنی کو ہوا دینا، امن عامہ کو درہم برہم کرنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس کے مطابق قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے اور بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔