سری نگر// ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے بخشی اسٹیدیم میں 15اگست کی تقریب میں منعقد ہونے والی پریڈ میں حصہ لینے والے اترپردیش پولیس کے دستے نے اسٹیڈیم میں عام شہریوں کی عدم موجودگی پر مایوسی کا اظہار کیا ۔ دستے میں شامل اہلکاروں نے بتایا کہ یوم آزادی کا دن ملک کے باقی حصوں میں ایک بڑے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اترپردیش پولیس کے دستے کی قیادت کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ بہت مایوس کن بات ہے کہ بہت ہی کم لوگ یہاں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے آتے ہیں۔ جہاں سے ہم آئے ہیں، وہاں یہ دن ایک بڑے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے‘۔ تاہم ڈی ایس پی نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں یہاں کے لوگ گھروں سے باہر آکر یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا ’لگتا ہے کہ شاید حالات اور خطرے کے احساس کی وجہ یہاں کے لوگ یوم آزادی کی تقریبات میں بڑے پیمانے پر شرکت نہیں کرتے ہیں۔ لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ صورتحال میں تبدیلی آئے گی اور مستقبل میں یہاں کے لوگ ایسی تقریبات میں بڑے پیمانے پر شریک ہوں گے‘۔ یو پی پولیس ڈی ایس پی نے دستے کے کشمیر دورے پر کہا کہ اُن کی ٹیم میں شامل ہر ایک اہلکار یہاں پریڈ میں حصہ لینے پر بہت جوش ہے۔ انہوں نے کہا ’ہم یہاں 31 جولائی کو پہنچے اور یکم اگست کو پریڈ کی مشق شروع کردی۔ یہاں کا موسم بہت ہی خوشگوار ہے‘۔ یو این آئی