سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بخشی سٹیڈیم میں29ویںپولیس پبلک میلے کا افتتاح کیا۔ میلے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا جو سرینگر اور جموں کے شہروں میں سال میں دو بار منعقد کیا جاتا ہے۔ میلے کا افتتاح کرنے کے بعد محبوبہ مفتی نے جموں اینڈ کشمیر پولیس کے جوانوں اور افسروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض منصبی کے دوران اپنی قیمتی جانیں نچھاور کیں ۔وزیر اعلیٰ نے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا اور ریاست کے تینوں خطوں کے پروڈکٹس جن کی میلے کے دوران نمائش کی گئی تھی ،کے معیار کی تعریف کی۔جموں اینڈ کشمیر پولیس وائیوز ویلفیئر ایسو سی ایشن( جے کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے) کی طرف سے لگ بھگ 53 سٹال اس موقعہ پر لگائے گئے تھے۔میلے کے انعقاد کا مقصد جموں و کشمیر پولیس کے مارے گئے اہلکاروں کے کنبوں کی بہبودی کے لئے رقومات اکٹھا کرنا ہیں۔جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد ،ارکان قانون سازیہ محمد خلیل بندھ، نور محمد ، انجم فاضلی اور محمد یوسف بٹ ، چیف سیکریٹری بی بی وِیاس، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید ، پرنسپل سیکریٹری داخلہ آر کے گوئیل اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری روہت کنسل اس موقعہ پرموجود تھے۔ جے کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے کی چیئرپرسن بھارتی وید و دیگر پولیس افسران اور جے کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے کے ممبران بھی موجود تھے۔