سرینگر//ریاستی پولیس کے زیر اہتمام 24ستمبر کو سرینگر کے بخشی سٹیڈیم میں سالانہ پولیس پبلک میلے کا اہتمام ہو رہا ہے ، جس کے دوران 21قیمتی کاروں سمیت 7847انعامات خوش قسمت شرکاء حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے پولیس پبلک میلے کا افتتاح کرنے کے بعد یہاں بطور مہمان خصوصی موجود رہیں گی جبکہ پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید سمیت ریاستی پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی یہاں موجود ہونگے۔ پولیس ترجمان نے بتایاکہ سالانہ بنیادوںپر پولیس کی جانب سے جموں اور سرینگر میں پولیس پبلک میلے کااہتمام کیاجاتاہے تاکہ پولیس محکمہ کے جاں بحق افسروں اوراہلکاروں کے کنبوں کی فلاح وبہبود کے کاموںکو آگے بڑھایاجاسکے۔ ترجمان نے بتایاکہ اتوار کو بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے میلے کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فن کار 53کلچرل پروگرام اوردیگر پروگرام پیش کریں گے جبکہ اس دوران یہاں خصوصی میڈیکل کیمپ بھی لگایاجائیگا۔ انہوںنے بتایا کہ صبح سے سہ پہر تک جاری رہنے والے میلے کے اختتام پرسہ پہر 4 بجے خریدی گئیں لاٹری ٹکٹوںکو کھولاجائیگا اور خوش قسمت شرکاء کو موقعہ پر ہی 21گاڑیوں سمیت 7847انعامات دیئے جائینگے۔ پولیس ترجمان کے مطابق پہلے نمبر پر رہنے والے لاٹری ہولڈر کو ماروتی سوزوکی کار، دوسرے نمبر پر رہنے والوںکو 7ویگن کارز، تیسرے نمبر رہنے والے 7شرکاء کو آلٹو 800کاریں ، چوتھے نمبر پر رہنے والوں کو 7اسکوٹیز، پانچویں نمبر کے شرکاء کو7موٹرسائیکلیں ، چھٹے نمبر پررہنے والے 7شرکاء کو لیپ ٹاپ ،آٹھویں نمبر پر رہنے والے 7ریفریجریٹر ، نویں نمبر پر رہنے والے 7شرکاء کوٹیبس اور دیگر شرکاء کو مختلف انعامات سے نوازا جائیگا، جس میں نقد رقم بھی شامل ہے ۔