سری نگر//ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں اتوار کو سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ15اگست کی تقریب کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جس دوران ہنر کا مظاہرہ کررہا ایک سکوٹر سوار ،سکوٹر سے گر کر زخمی ہوا ۔بخشی اسٹیدیم میں منعقدہ فل ڈریس ریہرسل تقریب پر ڈویژنل کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔اس موقع پر سول و پولیس انتظامیہ کے متعدد عہدیدار موجود تھے۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ فنکاروں اور طالب علموں نے اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ تاہم اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوا۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریہرسل کا انعقاد سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ کیا گیا۔ اسٹیدیم کی جانب جانے والے دونوں سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کے علاقے اور رامباغ سے لے کر نمائش کراسنگ تک بدترین ٹریفک جام لگ گیا تھا۔ بخشی اسٹیڈیم جہاں 15اگست کی سب سے بڑی تقریب منعقد کی جائے گی ، کے گرد ونواح میں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم کے قریب واقع اقبال پارک کے دروازے لوگوں کے لئے بند کردیے گئے ہیں۔ بخشی اسٹیڈیم کی تقریب میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ساتھ کابینہ وزراء اور سینئر سیول و پولیس افسران شرکت کریں گے۔یو این آئی