سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی مجموعی نشو و نما پر زور دیا ہے۔اتوار کو بچوں کیلئے خصوصی ’وادی کی سیر‘ نامی ریل کو پھر سے متعارف کرانے کے بعد وزیر نے ان خیالا ت کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ طلبا ء کیلئے کھیل کود ، بحث مباحثہ اور تفریحی پروگراموں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔وزیر نے کہا کہ اس طرح کے ریل سفر سے بچوں کو کشمیر کے مختلف حصوں کو دیکھنے کا موقعہ فراہم ہوگا اور وہ دیگر اضلاع اور علاقہ جات کے بچوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے۔واضح رہے کہ ’ وادی کی سیر‘ نامی ریل سروس کو دسمبر 2016ء میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے متعارف کرایا تھا لیکن سرمائی تعطیلات کی بنا پر اسے بند کیا گیا تھا۔مختلف سٹیشنوں پر کشمیر کے تمام اضلاع اور رام بن ضلع کے تقریبا ً 450 سکولی طلباء نے ٹرین کا سفر کیا جب کہ وزیر تعلیم نے نو گام سٹیشن سے ریل میں بچوں کے ہمراہ سفر کر کے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ مستقبل میں ڈوڈہ ، کشتواڑ ، رام بن اور جمو ں کے دیگر اضلاع کو اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔سفر کے دوران وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے بٹہ مالو نور محمد شیخ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ، ڈی سی سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون، ڈی سی بڈگام میر الطاف احمد ، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن جی این ایتواور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی تھے جبکہ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نوگام سٹیشن پر بچوں سے ملے ۔