سونہ وار میں نعش برآمد ،کانسٹیبل حرکت قلب بند ہونے سے فوت
سرینگر/ حیدر پورہ علاقے میں جمکاش کے قریب منگل کی شام سڑک ٹریفک حادثے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔تمام زخمیوں کو علاج کے لیے جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا۔حادثے میںہاؤسنگ کالونی بمنہ کا نوجوان ،حیدر پورہ کی 45 سالہ خاتون اوردیگر 2 زخمی افراد بمنہ کے ہیں ۔جن کے چہرے اور بائیں ہاتھ پر چوٹیں آئی ہیں اور ایک اور نوجوان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔زخمیوں میں سے ایک 17 سالہ نوجوان سکوٹی پر سوار تھا کہ جمکاش حیدر پورہ کے قریب اسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثناءپولیس نے منگل کو سرینگر کے سونہ وار علاقے میں ایک شخص کی لاش برآمد کی۔ متوفی کی شناخت محمد قیوم بٹ ولد محمد کمال ساکن گنڈابل سوئٹینگ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ لاش کو سونہ وار میں دیکھا گیا اور بعد میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ادھر پٹن علاقے میں کھمبیار کراسنگ کے قریب قومی شاہراہ پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK04J-0974) اور ایک چھوٹا ہاتھی گاڑی زیر نمبر JK04G-7249) کے درمیان ٹکر کی وجہ سے پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔اس دوران مقامی لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو پٹن کے قریبی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (CHC) میں پہنچایا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا۔ دیگر تین زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے سری نگر کے اسپتال ریفر کیا گیا۔متوفی کی شناخت ارسلان احمد شاہ ولد حبیب اللہ شاہ سکنہ وسن کھوئی پٹن کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں عمر رشید ولد عبدالرشید، آیان احمد ولد عبدالمجید خان ساکنان چیک سری پٹن اور حافظ اقبال ساکن دہلی شامل ہیں۔ دریں اثنا پٹن پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اسی دوران بڈگام ضلع کا ایک جوڑا منگل کو بارہمولہ سے سنگلدان جانے والی ٹرین میں سفر کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ میاں بیوی ریل میںسفر کر رہے تھے جس دوران شوہر جس کی شناخت ریاض احمد موہند ولد عبدالاحد موہند ساکنہ کاووسہ بڈگام کے طور پر ہوئی ہے مبینہ طور پر پنجگام کے قریب چلتی ٹرین سے گر گیا۔ اسے بچانے کی کوشش میں اس کی بیوی نے بھی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔انہوں نے کہا کہ ریاض احمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔ اسے خصوصی علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ادھر کانسٹیبل پردیپ شرما، جسے چیکو کے نام سے جانا جاتا ہے جو جموں کشمیر پولیس سنٹرل اسپورٹس فٹ بال ٹیم کا حصہ تھا، اچانک دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو گیا۔