جموں// وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے تمام انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران بجٹ2017-18 کے دوران کئے گئے اعلانات کی عمل آوری پر ہورہی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون، سیکرٹری داخلہ آر کے گوئل کے علاوہ دیگر محکموں کے انتظامی سیکرٹری بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ڈاکٹر درابو نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں پر زور دیا کہ وہ رقومات کے موثر تصرف کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس حوالے سے تمام تفاصیل طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے کمپیوٹرائزڈ بجٹنگ نظام اختیار کیا ہے۔درابو نے کہا کہ اعلان کے مطابق2018-19 اُن کاموں کو ہی کیپٹل منصوبے کا حصہ بنایا جائے گا جن کے ڈی پی آر تیار ہیں اور جن کی لازمی منظوری حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے محکموں میں تمام چیزوں کی انوینٹری بنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ تمام محکموں کے اثاثوں کی بیس کا پتہ لگایا جاسکے۔بھرتی قوانین کا ازسر نو جائیزہ لینے کے حوالے وزیر نے محکموں سے تفاصیل طلب کیں اور اے آر آئی محکمہ سے کہا کہ وہ اس عمل میں بہتری لائیں۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے ضمن میں اعلانات کی پیش رفت کا تفصیل سے جائیزہ لیا گیا۔