نئی دہلی//وزیراعظم نریندرمودی نے عام بجٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریبوں کو مضبوطی ملے گی اور نوجوانوں کے لئے بہتر مستقبل اور نئے ہندوستان کی تعمیر کا راستہ ہموار ہوگا۔ مسٹر مودی نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں پیش بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے امید سے بھرا بتایا جس سے 21ویں صدی میں ملک کی ترقی کو رفتار ملے گی۔بجٹ کو متوسط طبقے کے لئے فائدے مند بتاتے ہوئے انہوں نے کہا،‘‘یہ ٹیکس نظام کو آسان بنائے گا اور ملک میں بنیادی ڈھانچے کی تجدیدی کاری مددگار ثابت ہوگا۔’’ بجٹ کو صنعتی شعبہ کے مطابق بتاتے ہوئے کہا کہ یہ صنعتوں کے ساتھ ساتھ صنعت کاروں کوبھی مضبوطی دے گا۔ملک کی ترقی میں خواتین کی حصہ داری بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں تبدیلی لانے کے لئے بجٹ میں روڈ میپ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سماج کے غریب،کسان ،درج فہرست ذات و قبائل طبقوں کو بااختیار بنانے کے لئے چوطرفہ قدم اٹھائے ہیں۔یہ بااختیار سماج کے کمزور طبقے کے لوگوں کو اگلے 5برسوں میں ملک کا پاور ہاؤس بنائے گا۔ان بااختیار طبقوں سے ہی ملک 50 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے خوابوں کو پورا کرنے کی توانائی حاصل کرے گا۔یواین آئی