یو این آئی
نئی دہلی //بجٹ اجلاس شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں بجٹ اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں کئی باتیں کیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس اجلاس میں کئی تاریخی بلوں پر بحث ہوگی اور وسیع مشاورت کے ساتھ قوم کو مضبوط بنانے والے قوانین بنائے جائیں گے۔ خواتین کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، “اس اجلاس میں ایسے کئی فیصلے کیے جائیں گے جن سے خواتین کو عزت کے ساتھ زندگی ملے گی۔”اصلاحات، کارکردگی اور تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جب ترقی کی تیز رفتار حاصل کرنی ہوتی ہے تو سب سے زیادہ زور اصلاحات پر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔ ان دونوں عمل کے بعد عوام کی شراکت داری سے ہم تبدیلی دیکھتے ہیں۔‘‘خیال رہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں وقف ترمیمی بل، مالیاتی بل 2025 اور انڈین ریلوے قوانین کے انضمام سمیت 16 بل پیش کیے جائیں گے۔ وقف ترمیمی بل میں مسلم فلاحی جائیدادوں کے انتظام سے متعلق 44 ترامیم شامل ہیں، جسے اپوزیشن کے اعتراضات کے باوجود جے پی سی نے منظوری دے دی ہے۔ دیگر بلز میں گوا میں قبائلی نشستوں کی دوبارہ تقسیم، دیہی مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آنند کا نام تبدیل کر کے تریبھوون یونیورسٹی کرنا، اور ہوائی سفر و امیگریشن قوانین میں ترامیم شامل ہیں۔