جموں/ /ریاست کے آنے والے بجٹ اجلاس 2018-19 کے سلسلے میں سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کویندر گپتا نے حفاظتی اور دیگر متعلقہ انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی ۔ دورانِ میٹنگ جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اگلے سال دو جنوری سے منعقد ہونے والے بجٹ اجلاس کیلئے حفاظتی و دیگر انتظامات سے متعلق معاملات پر مفصل غور و خوض ہوا ۔ سپیکر نے ٹریفک محکمہ کو بجٹ اجلاس کے دوران قانون ساز کمپلیکس اور ایم ایل اے ہوسٹل جموں کی جانب جانے والی تمام سڑکوں پر ٹریفک کے نقل و حمل میں باقاعدگی لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ متعلقہ حکام نے سپیکر کو مطلع کیا کہ اجلاس کے دوران قانون سازوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے طبی اور نیم طبی عملے پر مشتمل دو ٹیمیں تیار کی گئی ہیں ۔ناظمِ اطلاعات و رابطہ عامہ نے سپیکر کو مطلع کیا کہ دونوں ایوانوں کی کاروائی کی تشہیر کیلئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کیلئے بھی تمام سہولیات بہم رکھی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے محکمہ توازہ کو واٹر پروف شامیانہ نصب کرنے اور میڈیا اور پریس کیلئے آرا م دہ نشستوں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی تا کہ سول سیکرٹریٹ کے احاطے میں قانون ساز صحافیوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کیلئے معقول سیہولیت بہم رکھی جا سکے ۔