نئی دہلی//پارلیمنٹ کے دونوں ایو انوں میں آنجہانی سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کو منگل کو جذباتی خراج عقیدت پیش کرنے اور ملک کی ترقی اور پارلیمانی سیاست میں ان کی تاریخی خدمات کو یاد کرنے کے بعد کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مسٹر واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے احترام میں اراکین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے مسٹر واجپئی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے تعزیتی قرارداد بھی پیش کی جسے تمام اراکین نے جذباتی طورپر منظور کیا۔ راجیہ سبھا میں چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے ملک کی ترقی اور پارلیمانی سیاست میں مسٹر واجپئی کی منفرد خدمات کا ذکر کرتے ہوئے تعزیتی پیغام پڑھا اور اراکین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے سابق وزیراعظم کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیہ سبھا میں مسٹر واجپئی کے علاوہ سابق لوک سبھاکے اسپیکر سومناتھ چٹرجی، اترپردیش کے سابق وزیراعلی نارائن دت تیواری، سینئر صحافی اور یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا (یو این آئی) کے کلدیپ نئر (نامزد رکن) اور گزشتہ دنوں انتقال کرجانے والے ا س وقت کے پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار سمیت 15 ہستیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مسٹر نائیڈو نے یو این آئی کے سابق ڈائرکٹر اور نوبھارت کے بانی ایڈیٹر پرفل کمار مہیشوری ، سابق رکن ستیہ پرکاش مالویہ، رام دیو بھنڈاری، ڈاکٹر رتناکر پانڈے ، بی پریدا ، منی پور کے سابق وزیراعلی آر کے دورین سنگھ، سابق رکن کرما ٹوپ ڈین، تیلگو فلموں کے اداکار نندموری ہری کرشن، ، محترمہ مالتی شرما اور درشن سنگھ یادو کے لئے بھی تعزیتی پیغام پڑھا۔ دوسری طرف لوک سبھا میں مسٹر واجپئی، مسٹر چٹرجی اور مسٹر کما ر کے علاوہ بہار سے بی جے پی کے رکن ڈاکٹر بھولا سنگھ اور راشٹریہ جنتادل کے محمد اسرارلحق اور کیرالہ کے مسٹر ایم آئی شنواس کی یاد میں اراکین میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی مسٹر واجپئی کے احترام میں کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ ادھر اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلنے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے منگل کے روز پارلیمنٹ انیکسی میں منعقد کل پارٹی میٹنگ کے بعد صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔انھوں نے بتایاکہ میٹنگ میں تقریبا سبھی پارٹیوں کے ارکان نے پارلیمنٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلنے دینے کی انھیں یقین دہانی کرائی ہے حالانکہ ارکان نے خواتین کے ریزرویشن سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی بحث کی درخواست بھی کی ہے۔اسپیکر کے مطابق ،اپوزیشن پارٹیوں نے کئی تجاویز بھی رکھی ہیں ،تاکہ ایوان میں مختلف موضوعات پر تفصیلی بحث ہوسکے۔انھوں نے کہاکہ ارکان نے مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کے تعلق سے خصوصی بحث کرائے جانے کی درخواست بھی کی ہے ،لیکن ابھی یہ طے نہیں ہو پایا ہے کہ اس موضوع پر بحث موجودہ سرمائی اجلاس کے دوران ہوگی ،یا آئندہ سال فروری میں بجٹ اجلاس کے دوران۔