عظمیٰ نیوزسروس
جموں //بھارتیہ جنتا پارٹی 3مارچ سے شروع ہونے والے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ایک اچھے اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی ۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کو اس کام کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا جو یوٹی حکومت کی ذمہ داری ہے اور جسے مرکزی حکومت کی حمایت کے باوجود نافذ نہیں کیا جا رہا ہے۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہم اسمبلی میں اپوزیشن کا اچھا کردار ادا کریں گے، پہلی بار ہم اتنی بڑی اکثریت کے ساتھ آئے ہیں اور ہمارا ووٹ شیئر بہتر ہے، ہمارے قوم پرست نظریے کے مطابق عوام کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ہمارے ایم ایل اے پوری تیاری کے ساتھ اپنے مسائل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں لیکن اس کے ثمرات جموں و کشمیر کو پوری طرح سے نہیں پہنچ رہے ہیں کیونکہ یہاں اتر پردیش اور گجرات کی طرح ڈبل انجن سسٹم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’ہمارے ممبران اسمبلی بھی اس حقیقت کو اجاگر کریں گے‘‘۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کو اس کام کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا جو یوٹی حکومت کی ذمہ داری ہے اور جسے مرکزی حکومت کی حمایت کے باوجود نافذ نہیں کیا جا رہا ہے۔