جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی پنچایت نڑول میں بجلی کی خستہ حالی نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایک طرف حکومت کی جانب سے سمارٹ میٹر نصب کئے جا رہے ہیں، تو دوسری طرف بجلی کی تاریں اب بھی لکڑی کے کھمبوں کے سہارے لٹکی ہوئی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ بجلی اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں، لیکن بجلی کا نظام جوں کا توں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ افسران اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔اس سلسلے میں سماجی کارکن تنویر اقبال قریشی نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلند و بانگ دعوے تو کرتی ہے کہ عوام کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ’ہوا آسمان پر چلتی ہے اور ہماری بجلی بند ہو جاتی ہے‘‘، جب کہ سمارٹ میٹر لگانے کا عمل جاری ہے، مگر بنیادی ڈھانچے کی اصلاح پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔مقامی لوگوں نے سرکار سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ پنچایت نڑول میں بجلی کے نظام کو درست کیا جائے، نئے اور مضبوط کھمبے نصب کیے جائیں تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔