سرینگر// بجلی کی نجکاری اور مرکزی ادارے کیساتھ نئے بجلی پروجیکٹ کی مجوزہ تعمیر کو براہ راست آرٹیکل35اے پر حملہ قرار دیتے ہوئے تجارتی و ٹرانسپورٹ اتحاد کشمیر اکنامک الائنس نے مرکزی حکومت پر ریاست کے قدرتی وسائل کا لوٹ کھسوٹ کرنے کا الزام عائد کیا، اور25ستمبرکو بجلی ملازمین کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔سرینگر میں پریس کانفرنس کے دوران کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت جموں کشمیر بالخصوص وادی کی معیشت پر چوٹ کی جا رہی ہے، تاکہ کشمیریوں کی کمر توڑ دی جائے۔انہوں نے کہا’’ نئی دہلی چاہتی ہے کہ کشمیری عوام دہلی کے پاس کشکول لیکر آئے،اس لئے یہاں کے وسائل کو لوٹا جا رہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ریاستی وسائل بالخصوس پانی کے وسائل کی لوٹ کھسوٹ، جہاں 1947سے ہی جاری ہے وہیں اب مقامی بجلی پروجیکٹوں کو بھی مرکزی کمپنیوں کے حوالے کیا جا رہا ہے‘‘۔کشمیر اکنامک الائنس لیڈرکا کہنا تھا کہ یہ عمل براہ راست آرٹیکل35اے پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے محکمہ بجلی کے ہزاروں ملازمین کے حقوق پر جہاں شب خون مارا جائے گا،وہیں ہزاروں بے روزگار بھی ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی کو نجی سیکٹر میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ملازم دشمن ہونے کے ساتھ ساتھ عوام دشمن بھی ہے ایسا کرنے سے بجلی فیس میں بے تحاشا اضافہ ہو جائیگا اور اسکی ادائیگی ایک عام صارف کی پہنچ اور قوت ادائیگی سے باہر ہوگی جبکہ ریاستی عوام اپنی ہی سر زمین ،جہاں سے بجلی پیدا ہوتی ہے، بجلی کی سہولیات سے محروم رہے گی ۔محکمہ بجلی ملازمین کی طرف سے25ستمبر کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے فاروق احمد ڈار نے سرکار کو متنبہ کیا کہ اگر اس منصوبے کو منسوخ نہیں کیا گیا تو کشمیری عوام سڑکوں پر آئے گی۔انہوں نے ریاستی انتظامی کونسل کی طرف سے ایک مجوزہ بجلی پروجیکٹ کو مرکزی ادارے کے ساتھ اشتراک میں مکمل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست از خود اس پروجیکٹ کو مکمل کر سکتی ہے،اور اگر یہ پروجیکٹ مرکزی ادارے کے اشتراک میں دیا گیا،تو اس کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔اس موقعہ پر ا لائنس کے چیئرمین محمد یوسف چاپری نے کہا کہ بجلی کی نجکاری کی وجہ سے صارفین کے فیس میں اس قدر اضافہ ہوگا کہ بجلی کا نام لینے پر بھی لوگوں کو رقومات ادا کرنے پڑیں گی۔ ترجمان اعلیٰ محمد صدیق نے کہا کہ بجلی کی نجکاری سے جہاں ملازمین بجلی اور محکمہ بجلی کا وجود ہی مٹ جائے گا،وہیں بجلی غریب عوام کی قوت خریداری سے باہر ہوجائے گی۔پریس کانفرنس میں کشمیر اکنامک الائنس کے نائب صدر اعجاز شہدار، شکارا ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد،ساوتھ سٹی ٹریڈرس کے سنیئر نائب صدر عمر شفیع،بمنہ کارڈی نیشن کمیٹی کے صدر محمد شفیع،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد حسین بٹ اور سنیئر ٹریڈ یونین لیڈر حاجی نثار کے علاوہ نیشنل کانٹریکٹرس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق وانی بھی موجود تھے۔