بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے خلاف بدھل گھبر کے مکینوں کا احتجاج کہا ہر ماہ بجلی کی فیس بھی ادا کرتے ہیں پھر بھی کئی دنوں تک بجلی غائب رہتی ہے

 محمد بشارت

کوٹرنکہ// ضلع راجوری کے بلاک بدھل کی پنچایت حلقہ گھبر کے مکینوں نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید غم و غصہ اور ناراضگی کااظہارکرتے ہوئے محکمہ بجلی کے فیلڈ ملازمین سمیت ایگزیکٹو انجینئر و ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کے خلاف نعرہ بازی کی اورکہا کہ تین دن سے راج نگر اپر گھبر میں بجلی نہیں ہے اور وسیع آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ارشد حسین میر نامی مقامی شہری نے کہا کہ حکومت جہاں عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے دعوے کر رہی ہے تا ہم زمینی سطح پر عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تین دن ہوگئے ہیں علاقہ گھپ اندھیرے میں ہے اور محکمہ بجلی کے ملازمین ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں ۔انکاکہناتھا’’ہم نے جونجیر انجینئر، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر و ایگزیکٹو انجینئر کو بھی سینکڑوں بار فون کالز کی کہ بجلی کیوں بند ہے تاہم انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارا نہیں کی جسکی وجہ سے ہمیں مجبوراً احتجاج کرنا پڑا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ہر ماہ بجلی کی فیس بھی ادا کرتے ہیں ،اسکے باوجود بھی یہ صلہ دیا جا رہا ہے کہ تین دن سے گھپ اندھیرے میں ہیں۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سمیت ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے محکمہ بجلی کے آفیسران و فیلڈ عملہکو جوابدہ بنایا جائے ۔