عظمیٰ نیوز سروس
جموں //شیو سینا ہندستان جموں و کشمیر یونٹ کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے اس کے صدر گنیش چوہدری کی قیادت میں بڑی براہمناں علاقہ میں سردیوں کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے خلاف ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی۔مظاہرین نے پی ڈی ڈی کے خلاف نعرے لگائے اور محکمہ کا پتلا نذر آتش کیا جنہوں نے بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران کے خلاف اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔اپنے خطاب میں شیو سینا کے یوتھ صدر نے کہا کہ سمارٹ میٹر کے بارے میں انتظامیہ نے جو وعدے کئے ہیں ان کا مقصد لوگوں کی پریشانیوں کو بڑھانا نہیں بلکہ راحت پہنچانا ہے۔ حکومت کی طرف سے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اور شہریوں پر مزید بوجھ ڈالنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایاکہ احتجاج کا مقصد انتظامیہ کی طرف سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی کی طرف توجہ مبذول کرانا اور عمل درآمد کے حوالے سے شفافیت کا مطالبہ کرنا تھا ۔گنیش نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے نقطہ نظر کا از سر نو جائزہ لے، عوام کے حقیقی خدشات کو دور کرے اور ایک پائیدار حل کی جانب کام کرے جس سے جموں کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔ ان کے مطابق بجلی کا بحران ایک نازک موڑ پر پہنچ گیا ہے، جس سے شہریوں کو طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مظاہرین نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ جموں خطے میں بجلی کے بحران کو دور کریں کیونکہ گرڈ سٹیشن بڑھتی ہوئی مانگ کے مطابق بجلی فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور انفراسٹرکچر سردیوں میں بڑھتے ہوئے بوجھ کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔