محمد تسکین
بانہال// حلقہ انتخاب بانہال اور گول کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحرانی صورتحال اور بلا جواز کی بجلی کٹوتی کے معاملات کو لیکر ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے بانہال میں افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔گرلز ہائیر سیکنڈری بانہال کے کانفرنس ہال میں منعقد اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ایگزیکٹیو انجینئر بجلی ڈویژن بٹوت شکتی سنگھ ، ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر ، تحصیلدار بانہال ، کھڑی ، رامسو اور اُکڑال کے علاؤہ بجلی کے انجینئروں ، بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ، تحصیل سپلائز افیسر ، پرنسپل گرلز ہائیر سیکنڈری بانہال ، ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی وغیرہ کے ساتھ ساتھ بیوپار منڈل صدر پرویز حمید شیخ اور نیشنل کانفرنس لیڈر الیاس بانہالی نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال ، کھڑی ، رامسو ، اکڑال پوگل پرستان اور گول سنگلدان کے علاقوں میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس کیلئے مختلف امورات کو زیر بحث لایا گیا اور کئی معاملات کو فوری طور حل کرنے کے احکامات دیئے گئے ۔ انہوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں کو کم سے کم کرنے کےلئے فوری عملدرآمد کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی کا منصفانہ استعمال کریں تاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں کی نوبت نہ آئے اور بچوں کی پڑھائی کے ساتھ ساتھ دیگر معمولات چلتے رہیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سوریہ گھر سکیم سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے کہا کہ وہ اس سکیم کے بارے میں جانکاری کیمپوں کا انعقاد کریں اور لوگوں کو اس میں شامل کریں ۔ممبر اسمبلی سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال ۔ گول اسمبلی کے مختلف علاقوں میں 6.2اور 10میگاواٹ کی صلاحیت والے ٹرانسفارمر لگائے جائیں گے اور اس کیلئے اعلی حکام اور حکومت سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے بجلی کے افسروں پر زور دیا کہ چھوٹے مدتی منصوبوں کو بروئے کار لائیں تاکہ لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی ملتی رہے ۔ انہوں نے ایس ڈی ایم بانہال اور تحصیلدار کھڑی کو ہدایت دی کہ وہ تحصیل کھڑی کے کوٹ علاقے میں دس سال پہلے تعمیر کئے گئے متنازعہ رسیونگ سٹیشن کولیکر مالک زمین سے فوری طور بات کریں تاکہ زمین مالک کی طرف سے ہائی کورٹ جموں میں زیر سماعت معاوضے کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرکے اس رسیونگ سٹیشن کو قوم کے نام وقف کیا جاسکے۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ کھڑی رسیونگ سٹیشن کے معاملے کو حل کرنے کیلئے زمیندار سے پیر کے روز بات چیت کریں۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئرمحکمہ پاور ڈیولپمنٹ ڈویژن بٹوت شکتی سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے افسروں کے ہمراہ گول اور سنگلدان کے علاقوں کا دورہ کرکے بجلی کی بہتر سپلائی کے حوالے اقدامات کریں اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گول کو چوبیسویں گھنٹے بجلی سپلائی فراہم کرنے کیلئے ہسپتال کو ایمرجنسی فیڈر سے جوڑیں۔ سجاد شاہین نے بعد میں ٹرانسفارمر ورک شاپ اور رسیونگ سٹیشن بانہال کا بھی دورہ کیا اور وہاں ہورہے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں بجلی کے مکینیکل ڈویژن کے قیام کیلئے ان کی کوشش جاری رہے گی اور اس سلسلے میں وہ اپنے طور سے تمام اقدامات کرینگے ۔