بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے پٹن اور سنگرامہ کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پٹن کے نہال پورہ ،وانی گام ،چک سیری ،پال پورہ ،ہانجی ویرہ ،ترکول بل ،خور ،برن ،زنگم اورمین بازار پٹن سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی سبب لوگ محکمہ سے نالاں ہیں۔مقا می لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ محکمہ لوگو ں سے برابر بجلی فیس وصول کررہا ہے تاہم شدید سردی کے ان ایام میں بھی انہیں بجلی میسر نہیں۔ اسی طرح سنگرامہ بارہمولہ کے ژنڈ ، پوتکھاہ ،چھورہ ،نوپورہ شامل ہیں میں بھی بجلی نایاب ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فرہم نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ملازمین صرف فیس حاصل کرنے کے وقت دکھائی دیتے ہیں اور بعد میں غائب ہو جاتے ہیں اور بجلی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے ۔ان علاقوں کے صارفین نے سرکار اور پی ڈی ڈی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔