عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ//پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم آلوک کمار نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی شکایات اور مطالبات کو حل کرنے کے لئے کمیونٹی ہال میونسپلٹی سانبہ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔تقریب کے دوران شرکأنے متعدد مسائل اُٹھائے اور ان کے حل کے لئے بروقت مداخلت کا مطالبہ کیا۔ان اہم مسائل میں موہر گڑھ سے مانسر تک سڑک رابطے کو بہتر بنانا، ترقیاتی منصوبوں میں کریٹ ورکس کو شامل کرنا، بجلی کی مسلسل کٹوتی، پی ایچ اِی، میونسپلٹی اور صحت محکموں میں اَفرادی قوت کی کمی، مرکزی چوکوں پر سی سی ٹی وِی کیمروں کی تنصیب، زیر زمین پانی کے پمپوں کی مرمت، ایچ ایس گگھوال میں گراؤنڈ کو لیول کرنا، تالابوں کی تزئین و آرائش، لیکچرروں کی اَسامیوں کو پُر رنا اور میونسپلٹی ائیریا میں گلیوں کی نالیوں کی تعمیر شامل ہیں۔عام لوگوں نے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوںبالخصوص باغبانی اور زراعت محکموں کے فعال انداز اور ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ کے قابل ستائش اَقدامات کو سراہا۔پرنسپل سیکرٹری آلوک کمار نے ان شکایات کوبغور سنا اور متعلقہ افسروں کے ساتھ ان پر تبادلہ خیال کیا اور عوام کی تحریری نمائندگی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے افرادی قوت کی کمی والے محکموں میں عملے کو معقول بنانے، بجلی کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے سولر پینلوںکی تنصیب کی ہدایت دی اور شمسی تنصیبات کے لئے سبسڈی کی سہولیت سے فائدہ اُٹھانے کا مشورہ دیا۔ اُنہوں نے ضلع کی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ حقیقی معاملات کو متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر ضلع ترقیاتی سانبہ ابھیشیک شرما نے پرنسپل سیکرٹری کو گزشتہ درباروں میں اُجاگر کی گئی شکایات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی اور نبارڈ کے ذریعہ گاؤں کے لئے رابطے کے مسائل کو ترقیاتی منصوبہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع سانبہ میں جل جیون مشن کے تحت 130 میں سے 63 سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں اور ضروری خدمات کے محکموں کوجوابدہی کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی۔عوامی دربار میں ڈی ڈی سی ممبران، اے ڈی ڈی سی سانبہ، اے ڈی سی سانبہ، مختلف ضلعی افسران اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔